اسلام آباد: وقفے کے بعد توشہ خانہ کیس کی سماعت شروع ہوگئی ۔ سماعت کے دوران انکشاف ہوا کہ شبلی فراز عمران خان کی حاضری کی درخواست لے کر غائب ہوگئے ہیں۔
جج ظفر اقبال نے استفسار کیا کہ حاضری والی فائل کہاں ہے؟ عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ مجھ سے فائل ایس پی نے لی تھی۔ ایس پی نے جواب دیا کہ مجھ سے درخواست شبلی فراز نے لی ہے جو غائب ہوگئے ہیں ۔
اس پر خواجہ حارث نے کہا کہ جوڈیشل فائل غائب ہوگئی، یہ سنجیدہ معاملہ ہے ۔ حاضری لینے جانے والے ایس پی نے بیان دیا کہ دستاویزات شبلی فراز کے پاس تھیں۔
وکیل گوہر خان نے کہا کہ جب شیلنگ ہوئی تو مجھ سے فائل لے لی گئی تھی ۔ جج نے کہا کہ باقی باتیں چھوڑیں، مجھے بتائیں آرڈر شیٹ کہاں ہے؟ پولیس افسر نے کہا کہ میری ٹانگ شدید زخمی ہے، شاید فریکچر ہو گیا ہے ۔ ہمیں آئیڈیا نہیں شبلی فراز کہاں ہیں؟ مجھ پر تشدد ہوا معلوم نہیں دستخط ہوئے یا نہیں ہے۔
دوسری طرف ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں عمران خان کے وکیل گوہر خان کے ہاتھ میں حاضری والی فائل ہے جبکہ ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھراؤ سے پولیس اہلکار شبلی فراز اور فرخ حبیب کو بچاتے رہے۔