کراچی :پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ ہاؤس پر حملے کو دہشت گردی پر مبنی کارروائی قرار دے دیا،سندھ ہاؤس پر منظم منصوبہ بندی سے ہونے والا حملہ دراصل سندھ پر حملے کے مترادف ہے۔
بلاول ہاؤس کراچی سے جاری بیان میں بلاول بھٹو نے کہا درجنوں پولیس چوکیوں کوعبور کرکے حملہ آوروں کا ریڈ زون میں واقع سندھ ہاؤس پہنچنا سوالیہ نشان ہے، وفاق میں سندھ ہاؤس دراصل سندھ کی ایک شناخت ہے، عمران خان نے سندھ پر لشکر کشی کرواکر اپنا اصل بغض ظاہر کردیا۔
بلاول بھٹو نے کہا ہم قانون کو ہاتھ میں لینے والے لوگ نہیں تاہم ہم جانتے ہیں کہ سرکش عناصر سے کیسے نمٹا جاتا ہے، عوامی نمائندوں اور اعلی عدالتوں کے ججوں کے خاندانوں کی رہائش گاہ پر حملہ کرواکر عمران خان نے چادر اور چار دیواری کا تقدس بھی پامال کیا ہے، پیپلز پارٹی اس عمل کو دہشت کردی سمجھتی ہے۔
انہوں نے کہا پارلیمان، پی ٹی وی اور پارلیمنٹ لاجز پر حملہ کرنے والوں نے سندھ ہاؤس پر حملہ کرکے اپنی فسطائیت کا اظہار کیا، عمران خان اپنی شکست دیکھ کر بوکھلا چکے، اوچھے ہتھکنڈوں سے 172 کی حمایت حاصل نہیں ہوسکتی۔