قومی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا کو آئٹم سانگ کی آفر

11:34 AM, 18 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: کیا آپ جانتے ہیں ثانیہ مرزا کو بالی ووڈ سے آئٹم نمبر کی آفر ملی؟ جی ہاں بہت سے لوگ شاید نہیں جانتے ہوں گے کہ ثانیہ مرزا کو بالی ووڈ فلم سے آئٹم نمبر کی پیشکش ہوئی تھی تاہم معروف ٹینس سٹار نے معذرت کر لی۔

قومی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ اور بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے نجی ٹیلی ویژن کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے انکشاف کیا  کہ انہیں ان کے دوست ساجد خان کی جانب سے ایک آئٹم نمبر کی پیشکش ہوئی تھی جو ان کے لیے ایک بھائی کی طرح ہیں۔

ثانیہ مرزا نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ ان کو آئٹم سانگ کی آفر کیساتھ کہا گیا کہ آئٹم نمبر مکمل کپڑوں میں ہو گا او ر صرف ایک ڈانس ویڈیو ہو گی تاہم ٹینس سٹار نے پیشکش قبول کرنے سے معذرت کر لی۔

مستقبل میں ایسا کوئی بھی پروجیکٹ کرنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی کام کو ہمیشہ کیلئے نہ نہیں کہہ سکتے آنیوالے وقت میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ ثانیہ مرزا کا شمار بھارت کی بہترین ٹینس سٹار میں ہوتا ہے  اور  اپنے شاندار کیریئر میں چھ گرینڈ سلیم ٹائٹل بھی جیت چکی ہیں۔انہوں نے 2010 میں پاکستانی اسٹار کرکٹر شعیب ملک سے شادی کی اور ان کا ایک  بیٹا اذہان مرزا ملک ہے۔

مزیدخبریں