اسلام آباد ، مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن صفدر(ر) کے خلاف نیب کا گھیرا تنگ
ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے کیپٹن(ر)صفدر، مریم نواز سمیت پورے خاندان کے اثاثہ جات کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔
نیب لاہور نے اس حوالے سے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے)، ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) آفس اور محکمۂ کوآپرٹیو پنجاب کو مراسلے جاری کردیئے ہیں۔
نیب کی جانب سے مذکورہ اداروں سے کیپٹن(ر)صفدر کی اہلیہ مریم نواز ، بیٹی مہر النسا، ماہ نور صفدر، بیٹے راحیل اور جنید صفدر کا ریکارڈ طلب کیا۔ علاوہ ازیں نیب نے کیپٹن صفدر کے والد محمد اسحاق، والدہ ہاجرہ بیگم اور بھائیوں محمد سجاد، طاہر علی کے اثاثہ جات کا ریکارڈ بھی مانگا ہے۔
نیب نے مختلف اداروں سے رہائشی،کمرشل اراضی جبکہ کیپٹن(ر)صفدر و اہل خانہ کے نام پر موجود پلازہ ،گھر ، دکانوں کا ریکارڈ بھی فراہم کرنے کی استدعا کی ہے۔
قبل ازیں قومی احتساب بیورو نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو بھی غیرقانونی اراضی منقلی کیس میں 26 مارچ کو تمام ضروری دستاویزات کے ساتھ لاہور آفس میں طلب کیا ہے۔
مریم نواز پر 1500 کنال کی اراضی مبینہ طور پر منتقل کرنے کا الزام ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق سال دو ہزار تیرہ میں شریف خاندان نے ساڑھے تین ہزارکنال زمین ملی بھگت سے حاصل کی اور ہزاروں کنال اراضی کو گرین لینڈ ایریا قرار دیا گیا جبکہ 2015 میں ڈی سی او اور ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ نے اراضی پر قبضے کی وجہ سے ماسٹرپلان ہی تبدیل کردیا۔