اسلام آباد: این اے 249 میں نو منتخب سینیٹر فیصل واوڈا کی طرف سے خالی ہونے والی نشست پر ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان نئے سیاسی اتحاد کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق این اے 249ضمنی انتخاب الیکشن کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف اور تحریک لبیک پاکستان میں سیاسی اتحاد کا امکان ہے۔ تحریک انصاف کراچی کی قیادت اور ٹی ایل پی قیادت کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ این اے 249 الیکشن کے حوالے سے دونوں جماعتوں نے مشترکہ امیدوار لانے پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ فیصل واوڈا کے مستغفی ہونے کے بعد این اے 249 کی نشست خالی ہوئی تھی۔ 3 مارچ کو سینیٹ الیکشن میں ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد انہوں نے استعفیٰ دے دیا تھا ۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں فیصل واوڈا نااہلی کیس کی سماعت کے دوران وفاقی وزیر کے وکیل نے عدالت میں واوڈا کی قومی اسمبلی کی رکنیت کا استعفیٰ پیش کیا تھا۔
2018ء کے الیکشن میں انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کو شکست سے دو چار کیا تھا۔ فاتح امیدوار نے 35 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ ہارنے والے امیدوار کے حصے میں 34 ہزار سے زائد ووٹ آئے تھے۔ تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار مفتی عابد مبارک نے 23 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے تھے۔