اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) ف کے نام سے ف نکالنے کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے جے یو آئی ف کا نام تبدیل کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار مولانا شجاع الملک کے وکیل نے کمیشن کے سامنے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن نے ہمیں سُنے بغیر جے یو آئی ف کا نام تبدیل کیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ جے یو آئی کیا الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ تھی جس پر مولانا شجاع الملک نے بتایا کہ جے یو آئی الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ نہیں تھی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنا فیصلہ واپس نہیں لے سکتا اور جب الیکشن کمیشن نے جے یو آئی ف کا نام تبدیل کیا تو اس وقت جے یو آئی کے نام سے کوئی پارٹی ان لسٹ نہیں تھی۔ بعد ازاں الیکشن کمیشن نے جے یو آئی ف کے نام پر کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
جمعیت علما اسلام کے منحرف رکن شجاع الملک نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد دیگر فورم سے بھی رجوع کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے استعفوں کے معاملے پر دھوکہ نہیں دیا تاہم مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ استعفے ان کی جیب میں ہیں اور اگر ان کی جیب میں ہیں تو سامنے لائیں۔