وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کا الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کے خلاف بیان مضحکہ خیز ہے۔
ٹوئٹر پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نے مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو پتا ہی نہیں ووٹنگ مشین کے سیکیورٹی فیچرز کیا ہیں وہ کام کیسے کرتی ہے لیکن بیان پہلے داغ دیا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ویسے تو آپ لوگ حالت صدمہ میں ہیں لیکن ویسے مریم بی بی کی نابالغ لیڈرشپ میں آپ لوگ ہوش و حواس اڑا بیٹھے ہیں۔
گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی جانب سے انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی قائم کرنے کے لیے اسپیکر کو لکھے گئے خط پر تنقید کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ آج ملک میں الیکشن چوری کرنے کا نیا ذریعہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور جو خود متنازع الیکشن کے نتیجے میں اقتدار میں آئے وہ انتخابی اصلاحات کی بات کر رہے ہیں ۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ یہ الیکٹرونک ووٹنگ کی بات کرتے ہیں اور مشینیں ہی غائب ہو گئیں تو کہاں ڈھونڈیں گے اور مشینوں سے ڈیٹا ہی غائب ہو گیا تو کون ڈیٹا ڈھونڈ کر لائے گا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ دو جاہل جو آپس میں خط لکھ رہے ہیں اس سے مسئلے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ ملک میں الیکشن چوری کرنے کا نیا ذریعہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور جو خود متنازع الیکشن کے نتیجے میں اقتدار میں آئے وہ انتخابی اصلاحات کی بات کر رہے ہیں ۔ انتخابی نظام میں شفافیت لانی ہے تو پریزائیڈنگ افسر کو اٹھانے والوں اور کیمرے لگانے والوں کو پکڑیں۔