ڈوڈوما ،تنزانیہ کے صدر جان مگوفو لی انتقال کرگئے
تنزانیہ کی نائب صدر سمیہ صولوہو حسن نے ٹی وی پر خطاب کے دوران صدر جان مگوفولی کے انتقال کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ صدر عارضہ قلب میں مبتلا تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تنزانیہ کے صدر مگو فو لی پچھلے دوہفتوں سے منظر عام سے غائب تھے اور ان کی صحت کے حوالےسے مختلف قیا س آرائیاں کی جارہی تھیں ۔ بعض اطلاعات میں اپوزیشن کی طرف سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ کورونا وائرس کے مرض کا شکار ہوچکے ہیں اور وہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں ۔تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی تھی ۔
صدر جان مگوفولی کو آخری مرتبہ 27 فروری کو عوامی سطح پر دیکھا گیا تھا اور تنزانیہ کے وزیراعظم نے ان کی صحت کے حوالے سے کی جانے والی قیاس آرائیوں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ صدر مگوفولی مکمل صحتمند اور ہیں اپنی ذمہ داریاں بالکل ٹھیک انجام دے رہے ہیں۔
تنزانیہ کی نائب صدر نے جان مگوفولی کے انتقال پر 14 روزہ قومی سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک بہادر لیڈر سے محروم ہو گئے ہیں۔
خیال رہے کہ جان مگوفولی افریقا میں کورونا وائرس کے حوالے سے توہم پرست نظریات پر یقین رکھنے کے حوالے سے مشہور تھے اور وہ کورونا وائرس کے علاج کے لیے دعا اور اسٹیم تھراپی کا مشورہ دیا کرتے تھے۔