اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے محنت کشوں میں گھروں اور فلیٹس کی تقسیم کے پروگرام کا افتتاح کر دیا ہے۔ یہ پراجیکٹ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا حصہ ہے۔
اس سلسلے میں اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم عمران خان نے قرعہ اندازی کے ذریعے خصوصی افراد، بیواؤں اور مزدوروں میں گھروں اور فلیٹس کی ملکیت کے سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔
اس موقع پر معاون خصوصی زلفی بخاری نے وزیراعظم عمران خان کو اس اہم پراجیکٹ پر بریفنگ دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے پہلے مرحلے میں محنت کشوں میں تقریباً ایک ہزار فلیٹس اور پانچ سو گھروں کی تقسیم کی جائے گی۔ خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے یہ اہم منصوبہ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ، وزارت سمندر پار پاکستانیز اور ورکرز ویلفیر فنڈ کی مدد سے پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا ہے۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ شہروں میں مزدور حتیٰ کہ چھوٹے سرکاری ملازمین کیلئے بھی گھر بنانا نا ممکن ہوتا ہے۔ محنت کش کرائے کے مکان میں رہتے تھے، اب کرایہ قسطوں میں جائے گا اور مکان ان کی ملکیت ہو جائے گا۔ ہم کسی پر احسان نہیں کر رہے، یہ محنت کشوں کا حق ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ کلاس 6 کے ملازمین بھی شہروں میں گھر نہیں بنا سکتے۔ اس منصوبے میں بینک شامل نہ ہوتے تو ہم یہ کام نہیں کر سکتے تھے۔ امیر ترین ملک بھی گھر نہیں بانٹ سکتے۔ ہم آسانی کر رہے ہیں کہ کرائے کی رقم گھر کی قسط کے طور پر ادا کریں۔ 20 سال میں آپ قسطیں ادا کر سکیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نیا پاکستان در حقیقت نئی سوچ کا نام ہے۔ مجھے خوشی ہے پہلی دفعہ مزدور طبقے کو گھر دے رہے ہیں۔ پشاور سمیت ساری جگہ پر نیا ہاؤسنگ پروجیکٹ شروع ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیا ہاؤسنگ پروجیکٹ میں حکومت تین لاکھ کی سبسڈی دے رہی ہے۔ حکومت یقینی بنائے گی کہ 5 فیصد سے زیادہ سود ادا نہ کرنا پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیمنٹ اور سریے کی قیمت بڑھنے کی وجہ یہ ہے کنسٹرکشن انڈسٹری ترقی کر رہی ہے۔
(بشکریہ نئی بات)