اپوزیشن کو شکست ، وزیراعظم کا اپنی ٹیم میں تبدیلیوں کا فیصلہ 

10:27 AM, 18 Mar, 2021

اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں کو شکست  کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم میں تبدیلیوں کا فیصلہ کرلیا ہے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ کپتان نے کابینہ کے بیٹنگ آرڈر میں ایک بار پھر تبدیلی کا فیصلہ کرلیا۔بعض وزراء کے قلمدان میں تبدیلی ہوگئی جبکہ  چند نئے چہروں کی شمولیت کا بھی امکان  ہے۔

ذرائع کے مطابق فیصل جاوید کو وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات  جبکہ  ڈاکٹر زرقا سہروردی کو وزارت صحت اور  بیرسٹر علی ظفر کو قانون و پارلیمانی امور کا قلمدان ملنے کا امکان ہے۔ 

بی اے پی کو بھی ایک وزارت دئیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ ہاؤسنگ، نیشنل فوڈ سکیورٹی کیلئے نئے وزراء جبکہ دیگر وزارتوں میں بھی تبدیلیاں زیر غور ہیں۔

فیصل واوڈا کو دوبارہ کابینہ میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔ دوبارہ سینیٹر بننے کے باعث شبلی فراز کا دوبارہ نوٹیفکیشن تاحال جاری نہیں ہوسکا۔ 

سنیٹر انوار الحق کی بھی کابینہ میں شمولیت متوقع ہے۔ مسلم لیگ ق سے بھی ایک وزیر مملکت لیے جانے کا امکان ہے۔

ممکنہ ردوبدل کے بعد وفاقی وزراء کی تعداد 27  سے بڑھکر  30 سے زائد،جبکہ وزرائے مملکت 6 ،جبکہ معاونین خصوصی  20 سے تجاوز کرکے 23 ہو جائے گی۔

ذرائع کے مطابق بیوروکریسی میں بھی اعلی سطح پر تبادلوں کی تیاری ہے۔ چیف سکرٹری پنجاب، وفاقی سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اطلاعات کی تبدیلیاں متوقع ہے۔۔ وزیراعظم آئندہ چند روز کے اندر کابینہ میں ردوبدل کا اعلان کریں گے۔

مزیدخبریں