میو اسپتال کے نرسنگ ہاسٹل سے لاش برآمد

05:14 PM, 18 Mar, 2020

لاہور: میو اسپتال کے نرسنگ اسپتال سے نرس کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مرحومہ راولپنڈی کی رہائشی تھی اور میو اسپتال میں اپنی ڈیوٹی سرانجام دیتی تھی۔

پولیس کے مطابق ثمینہ نے رات کو ڈیوٹی کر کے واپس آ کر کمرے کا تالہ لگا لیا، صبح دوسری نرسوں کی جانب سے دروازہ کھٹکٹنانے  پر نہیں کھولا گیا۔

پولیس نے لاش تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل لاہور کی نجی اکیڈمی کے واش روم سے طالب علم کی لاش ملی تھی، نوجوان سیکنڈ ایئر کا طالب علم تھا۔

مسلم ٹاؤن کی نجی اکیڈمی سے ملنے والی لاش کی شناخت نعیم کے نام سے ہوئی تھی جو نواں کوٹ کا رہائشی تھا اور ایک رات سے لاپتہ تھا، جب اکیڈمی کھولی گئی تو اس کے واش روم میں نوجوان کی لاش موجود تھی۔

پولیس کے مطابق متوفی نعیم کے جسم پر کوئی تشدد کا نشان موجود نہیں ہے تاہم مقتول کی موت کی وجہ جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

چند روز قبل لاہور کے علاقے شاہدرہ سے بھی 10 سالہ بچے تنزیل کی تشدد زدہ لاش ہمسایہ خاتون کے گھر میں موجود صندوق سے ملی تھی اور اہلخانہ کا کہنا تھا کہ تنزیل ہمسائے کے گھر سے چھوٹی بہن کے کھلونے واپس لینے گیا تھا مگر واپس نہیں آیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تنزیل کی لاش 12 گھنٹے بعد زینب نامی خاتون کے گھر سے برآمد ہوئی تھی اور اسے حراست میں لے لیا گیا تھا۔

مزیدخبریں