اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے دنیا بھر میں پھیلنے والی وبا کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے پاکستان کو فوری طور پر5 کروڑ ڈالر امداد جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے امیر ممالک اور عالمی اداروں کو غریب ممالک کا قرض معاف کر دینا چاہیے کیونکہ غریب ممالک کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ وہ کورونا کی روک تھام کر سکیں۔
اب ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اے ڈی بی کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو 5 کروڑ ڈالر دے گا۔ ایشائی ترقیاتی بینک پاکستان کو یہ رقم فوری طور پر ادا کرے گا۔
اے ڈی بی اعلامیے کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کورونا سے نمٹنے کے لیے مجموعی طور پر پاکستان کو 35 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔
اس کے علاوہ عالمی بینک بھی کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو 18 کروڑ 80 لاکھ ڈالر دے گا۔ دونوں مالیاتی ادارے یہ رقم پاکستان کے نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ کے ادارے کو دیں گے۔