اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ملک بھر میں یکم جون تک تمام امتحانات ملتوی اور یونیورسٹی کے داخلوں میں بھی ایک ماہ کی تاخیر کا اعلان کردیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شفقت محمود نے کہا ہے کہ کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، ساری دنیا ایک بہت بڑے چیلنج سے گزر رہی ہے، بنی نوع انسان کو تاریخ میں کبھی اتنے بڑے چیلنج کا سامنا نہیں ہوا، یہ بیماری ملنے جلنے سے زیادہ پھیل رہی ہے ، اس لئے اجتماع سے پرہیز کرنا ضروری ہے۔
وزیر تعلیم نے کہا ہے کہ حکومت قوم کو اقدامات سے متعلق آگاہ کرنا چاہتی ہے، حکومت روزانہ کی بنیاد پر صورت حال کا جائزہ لیتی ہے۔ تعلیم کا شعبہ ہم سب کے لیے بہت ضروری ہے لیکن وزیراعظم عمران خان کو ایک ہی تشویش ہے کہ بچوں کی خفاظت کی جائے، حکومت کی اولین ترجیح بچوں کو وائرس سے بچانا ہے۔ اس لئے کورونا وائرس سے بچاوَ کےلیے حکومت کا پہلا فیصلہ تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا تھا۔
شفقت محمود نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے 5 اپریل تک بند رہیں گے، 27 مارچ کو پھر اجلاس بلائیں گے جس میں تعلیمی اداروں کی چھٹیوں کی توسیع پر بات کریں گے، گزشتہ رات ملک بھر میں جاری امتحانات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے کہ یکم جون سے پہلے کوئی امتحانات نہیں ہوں گے۔ اس کے علاوہ یونیورسٹیوں میں داخلوں کو بھی ایک ماہ کے لیے آگے بڑھا رہے ہیں۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ کسی تعلیمی ادارے میں اساتذہ کے آنے کی ضرورت نہیں ہے، یونیورسٹیزکے ہاسٹل خالی کرالیے گئے ہیں، غیرملکی طلبا کو یونیورسٹیوں کے ہاسٹلز میں رہنے کی اجازت ہوگی لیکن مقامی طلبہ نہیں رہیں گے۔
یونیورسٹیوں کی جانب سے طلبا کو آن لائن تعلیم دینے کے معاملات ہورہے ہیں، پی ٹی وی سمیت دیگر چینلز کے ذریعے کلاسز لینے کی تجویز موجود ہے۔