ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 237 ہو گئی

10:08 AM, 18 Mar, 2020

لاہور: ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 237 ہوگئی جب کہ پنجاب حکومت نے میو اسپتال میں کورونا وائرس کے مریض کی ہلاکت کی تردید کردی۔ ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ سندھ اور پنجاب میں نئے کیسز کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس  سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 237 ہوگئی ہے۔

ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ صوبے میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 172 ہوگئی ہے۔

پنجاب میں بھی کورونا وائرس کے مزید 26 کیس سامنے آگئے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں 376 افراد قرنطینہ میں ہیں، 42  مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کیے ہیں جن میں سے 5 مثبت آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو کورونا وائرس سے متعلق صورتحال سے آگاہ رکھیں گے، عوام ان دنوں میں  صرف ضرورت کےلیے گھروں سے باہر نکلیں، سیر تفریح  نہ کریں۔

ترجمان صوبائی حکومت لیاقت شاہوانی کے مطابق بلوچستان میں 6 مزید کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 16 ہوگئی ہے، نئے کیسز میں کوئٹہ اور ملک کے دیگر حصوں کے زائرین شامل ہیں۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیربرائے اطلاعات اجمل خان وزیر نے کہا کہ صوبے میں اب تک 65 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں، جس میں 16 ٹیسٹ مثبت آئے ہیں اور باقی افراد کلیئر ہیں تاہم 16 لوگوں کی رپورٹس ابھی آنا باقی ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی اب تک 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں