ایمسٹرڈیم : نیوزی لینڈ کے بعد انتہا پسندی کی لہر ہالینڈ پہنچ گئی ، اُتریخت شہر میں ٹرام پر فائرنگ سے تین افراد ہلاک اور نو زخمی ہو گئے ، حملہ آور فرار ہو گیا۔
حملے کے بعد مساجد اور دکانیں بند کرا دی گئیں ، تعلیمی اداروں کو بھی لاک کر دیا گیا۔نیوزی لینڈ کے بعد یورپ میں بھی دہشتگردی کی لہر، ہالینڈ کے شہر اُتریخت میں کرائسٹ چرچ کی طرز کا حملہ، مسلح شخص نے ٹریم پر اندھا دھند گولیاں چلا دیں۔
فائرنگ سے ہر طرف بھگدڑ مچ گئی ، واقعے کے بعد پورے ملک میں خوف وہراس پھیل گیا۔ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ اُتریخت شہر میں دہشتگردی کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔
شہر کی مساجد اور دکانیں بند کرا دی گئیں۔ تعلیمی اداروں کو بھی لاک کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے۔ ڈچ پولیس نے واقعے کو دہشتگردی قرار دے دیا ہے۔
جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق یہ حملہ آج قبل صبح تقریباً ساڑھے دس بجے کیا گیا۔ مشتبہ ملزم نے ایک ٹرام میں فائرنگ کر کے ایک خاتون کو موقع پر ہی ہلاک اور کئی دیگر افراد کو زخمی کر دیا تھا۔