کوئٹہ:چیئرمین سینیٹ میر صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ ایم کیوایم اورفاٹا کے دوستوں نے چیئرمین سینیٹ منتخب کرایا اور اپنی آزاد حیثیت برقرار رکھوں گا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کوئٹہ پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آیندہ عام انتخابات کی حکمت عملی حالات کی مناسبت سے طے کریں گے، سیاسی ہوں یا غیر سیاسی یہ تو میراسینیٹ میں کردار ہی ثابت کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں:سینیٹر اعظم سواتی نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر پی ٹی آئی کی جانب سے ہونے کا دعویٰ کردیا
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میاں صاحب تو سیاست میں ہمارے بزرگ ہیں، میرے لئے تمام پارٹیاں برابر ہیں اور میری ہمدردیاں میرے لوگوں اور پاکستانی عوام کیساتھ ہیں۔صادق سنجرانی کا کہنا تھا چاروں صوبوں کو چیئرمین سینیٹ کا عہدہ باری باری دیا جائے۔
چیئرمین سینیٹ کا مزید کہنا تھا کہ مجھے اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے منتخب کرانے کے الزامات میں صداقت نہیں ہے،بطور چیئرمین سینیٹ انتخاب میں حمایت پر عمران خان اورآصف زرداری کاشکریہ ادا کرتا ہوں ،وزیر اعلیٰ بلوچستان اور اراکین اسمبلی کی کوششوں سے 6 سینیٹرز منتخب ہوئے تھے لیکن ان 6 سینیٹرز نے پورے پاکستان سے سینیٹرز کی حمایت حاصل کی جبکہ مجھے اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے منتخب کرانے کے الزامات میں صداقت نہیں ہے ، اسٹیبلشمنٹ اور کسی پر الزام لگانے والے سیاست کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:طالبان کو نئی امن پیشکش سے فائدہ اٹھانا چاہئے،ناصر جنجوعہ اور افغان چیف ایگزیکٹو کے درمیان ملاقات میں اتفاق
انہوں نے کہا کہ وہ بلوچستان کے مفادات کے تحفظ اور محرومیوں کے خاتمے کیلئے قانون سازی کریں گے اور پہلے سے موجود قوانین پر عملدرآمد کروائیں گے۔قبل ازیں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کوئٹہ پہنچے تو وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور دیگر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔