سیالکوٹ: چیف ایگزیکٹو ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ایس ایم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کا صنعتی وکاروباری شعبہ بہت مضبوط ہے اور عالمی منڈیوں میں پاکستان برآمدکندگان اور بزنس مینوں کا راج ہے اور معاشی ترقی کیلئے حکومت پاکستان ہرسال اربوں ڈالرز خرچ کرتی ہے.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں پاکستان سپورٹس گڈز مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے آڈیٹوریم کی افتتاحی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فیڈرل پاکستا ن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے مرکزی صدر زبیر ایف طفیل، چیئرمین سپورٹس گڈز مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین خرم اسلم ، جنرل سیکرٹری محسن مسعود ، گروپ لیڈر افتخار احمد چیمہ ،محمد اقبال سلیمی ، محمد اعجاز غوری ، سعادت علی ، ریاض الدین شیخ اور دیگر بھی موجو دتھے.
چیف ایگزیکٹو ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ایس ایم منیرنے مزید کہا کہ اعلی کوالٹی کی تیار ہونے والی سپورٹس مصنوعات اور دیگر برآمدی مصنوعات کی وجہ سے پاکستان کی عالمی تجارتی منڈیوں میں بڑی اہمیت ہے اور پاکستانی مصنوعات کی بڑی مانگ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بزنس مین اور ہنرمندوں کا کوئی ثانی نہیں ہے اور یہ حقیقی پاکستانی ہیں جو دن رات پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے جدوجہد کررہے ہیں اور برآمدی آرڈز کی وجہ سے پاکستا ن میں لاکھوں ہنرمندوں کو روزگار ملتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان بزنس مینوں، برآمدکندگان اور ہنرمندوں کو تحفظ فراہم کررہا ہے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اقدامات جاری ہیں جن کے مثبت نتائج برآمد ہوتے ہیں.
فیڈرل پاکستا ن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے مرکزی صدر زبیر ایف طفیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیالکوٹ معاشی وصنعتی ترقی میں انتہائی اہم کردارا دا کررہا ہے اور یہاں کی ٹریڈ یونینز نے ہمیشہ پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں اور برآمدات کو فروغ دیا ہے ۔
قبل ازیں چیف ایگزیکٹو ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ایس ایم منیر اور فیڈرل پاکستا ن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے مرکزی صدر زبیر ایف طفیل نے نئے تعمیر ہونے والے آڈیٹوریم کا افتتاح کیا اور اس آڈیٹوریم میں بزنس مینوں اور برآمدکندگان سے خطاب کیا ۔
بعد میں میڈیا سے گفتگو میں چیف ایگزیکٹو ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ایس ایم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستانی بزنس مینوں اور ٹریڈ یونیز کی بہترین کارکردگی کی وجہ سے پاکستان نے دنیا بھر میں بہترین اسٹاک دنیا کا پانچواں بڑا سٹاک ایکسچینج ہونے کا اعزازحاصل کیا ہے اور معاشی ترقی کی رفتار میں تیزی آئی ہے ۔
ایس ایم منیر نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کے ریزوآٹھ ارب ڈالر ز سے بڑھ کر 24ارب ڈالرز تک جاپہنچے ہیں اور ان میں اضافہ ہورہا ہے ، انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق برآمدی مال ایکسپورٹ ہونے کے بعداڑھائی سے تین ماہ کے دوران ایف بی آرکو برآمدکندگان اور بزنس مینوں کی رقوم واپس کرنا ہوتی ہے لیکن ایف بی آر کی طرف ست رقم نہ دینے کی وجہ سے بزنس مین او ربرآمدکندگان مالی مسائل کا شکار ہیں جن کا حل نکالا جائے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ برآمدکندگان ، بزنس مین پاکستان کے محب وطن شہری ہیں او رملکی ترقی وخوشحالی میں ان کا اہم کردار ہے جن کے مسائل وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف کے واضح احکامات پر حل کئے جارہے ہیں کیونکہ معاشی لحاظ سے مضبوط ملک ہی دنیا میں اپنا مقام بناسکتا ہے ، ان کا کہنا تھا کہ سال2017پاکستان کا بہترین سال ہے اور اس میں پاکستان کو ترقی مل رہی ہے.
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں برآمدکندگان اور بزنس مین بروقت ریفنڈ رقوم نہ ملنے کی وجہ سے پریشان ہیں تاہم ان کے مسائل حل کئے جارہے ہیں ، چیف ایگزیکٹو ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ایس ایم منیرکا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی طور پر مضبوط ملک ہے اور سیالکوٹ کی ٹریڈ یونیز ملکی معاشی ترقی وخوشحالی کیلئے کامیاب جدوجہد کررہی ہیں۔