ٹنڈوالہ یار : یو ایس آرمی کے لیے بنائی گئی کشتی جمڑاؤ کینال کو پختہ کرنے کے دوران مزدوروں نے نکالی۔کشتی پر 1944کا سال لکھا ہوا ہے آج تک بالکل واضح دیکھا جاسکتا ہے۔مذکورہ کشتی کا وزن1750پاونڈ لکھا ہوا ہے۔مذکورہ کشتی کا ماڈل M4سیریل نمبر2220بھی واضح طور پر نظر آرہا ہے۔اس کشتی کی لمبائی 29فٹ اور چوڑائی7فٹ کے قریب ہے۔
مذکورہ کشتی کے نکلنے کی اطلاع ملنے پر گردونواح کے سینکڑوں افراد اس تاریخی کشتی کو دیکھنے کیلئے جمڑاؤ کینال پر پہنچ گئے۔اور اس تاریخی کشتی کو اصلی حالت میں دیکھ کر لوگوں کے دل باغ باغ ہوگئے۔اور ہر لب یہی کہہ رہا تھا کہ قدرت ہر چیز پر قادر ہے 70سال کے بعد بھی کشتی موجودہ حالت میں پایاجانا کسی معجزے سے کم نہیں ہوسکتا۔اس کشتی میں استعمال شدہ چادریں اسٹیل سے بنائی گئی ہیں۔علاقہ مکینوں نے حکومت سے اور محکمہ ثقافت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کشتی کو اپنی تحویل میں لیکر عجائب گھر اور سندھ میوزیم ہال میں رکھی جائے۔تاکہ لوگوں کو کشتی دیکھنے کا موقع میسر آسکے۔