سندھ حکومت کا سولر سسٹم لگانے کے لیے بلاسود آسان قرض دینے کا اعلان

08:58 PM, 18 Jun, 2024

نیوویب ڈیسک

سندھ حکومت نے متوسط طبقے کے لوگوں کو سولر سسٹم لگانے کے لیے بلا سود آسان قرض فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اس قرض پر سود سندھ حکومت ادا کرے گی۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ متوسط طبقے کو بھی سپورٹ کرنے کے لیے لائحہ عمل ترتیب دیا جا رہا ہے، متوسط طبقے سے جو خاندان خود سولر سسٹم لگانا چاہے، ان کے لیے لون اسکیم بنا رہے ہیں، سولر سسٹم کے لیے قرض کا سود سندھ حکومت ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ مفت بجلی سے متعلق اور پینے کے صاف پانی کے لیے منصوبے تیار کیے ہیں، 30 لاکھ گھروں میں بجلی نہیں، انہیں پہلے بجلی فراہم کریں گے، انتہائی غریب کے لیے ایک پنکھا 3 بلب کے لیے پہلے سولر سسٹم فراہم کریں گے۔

سندھ کے سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ  کراچی کے  لیےجو بجٹ مختص ہے، اس میں اربوں روپےکے کام ہو رہے ہیں، پیپلز پارٹی کو وفاقی بجٹ پر تحفظات ہیں۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ کے ساتھ گزشتہ دہائی میں کتنی بڑی زیادتی کی گئی ہے، دوسرے صوبوں میں کھربوں روپے میں کام ہوئے، سندھ کو دو تین فیصد سے زیادہ پی ایس ڈی پی میں حصہ نہیں دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہزار ارب 3 صوبوں میں، سندھ کو 66 فیصد مختص کیے ریلیز پورے نہیں کیے گئے، امید ہے بجب پاس ہوگا تو پی پی کی سفارشات پر ٹیکس کی شرح کم ہوگی۔

ناصر شاہ نے کہا کہ بجٹ میں کوشش کی گئی عام آدمی کا بھرپور خیال رکھا جائے، الیکشن کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے جو وعدے کیے پورا کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عید پر شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے، اپوزیشن کی جانب سے احتجاج ملکی مسائل کا حل نہیں، بانی پی ٹی آئی کا المیہ ہے کہ ان کی ذات تک ہر بات گھومتی ہے، امید کرتے ہیں بانی پی ٹی آئی جیل سے کچھ سیکھ کر آئیں گے۔


 

مزیدخبریں