اسلام آباد: وزیر مملکت حنا ربانی کھر کا کہنا ہے کہ خوشی ہے فیٹف نے کلیئر قرار دیدیا، پاکستان کے گرے لسٹ سے نکلنے کی راہ ہموار ہو چکی، کامیابی کا کریڈٹ کسی سیاسی جماعت کو نہیں بلکہ ریاست پاکستان کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔
اسلام آباد میں وزیرمملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے عالمی تحفظات کو دور کر دیا ہے ، پاکستان نے دن رات کی محنت سے فیٹف شرائط پوری کر دیں ، دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا خاتمہ کر دیا گیا۔
حنا ربانی کھر نے مزید کہا کہ فیٹف ٹیم کا آن سائٹ وزٹ گرے لسٹ سے نکلنے کے عمل کا حصہ ہے۔پاکستان کو فیٹف وفد کے دورے تک مزید کچھ نہیں کرنا، فیٹف کا وفد پاکستان کی جانب سے کیے جانیوالے اقدامات کا تکنیکی جائزہ لے گا۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان گرے لسٹ سے نکلنے سے صرف ایک قدم دور ہے۔