پاکستان کو چیمپیئنز ٹرافی کا چیمپیئن بنے چار سال مکمل ہو گئے

 پاکستان کو چیمپیئنز ٹرافی کا چیمپیئن بنے چار سال مکمل ہو گئے
سورس: file photo

اسلام آباد ، پاکستان کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپیئنز ٹرافی کا چیمپیئن بنے چار سال مکمل ہو گئے۔

چار سال پہلے آج ہی کے دن پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو فائنل میں ایک سو اسی رنز سے دھول چٹائی تھی۔

چیمپئنز ٹرافی کے آغاز سے قبل پاکستان  کی ٹیم ون ڈے رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر موجود تھی۔ ناقدین قومی ٹیم کو پلے آف راونڈ سے آگے جاتا نہیں دیکھ رہے تھے۔

پاکستان کے لیے ٹورنامنٹ کا آغاز بھارت کے ہاتھوں شکست سے ہوا۔ روائتی حریف نے قومی ٹیم  کو 124 رنز سے شکست دی۔

سرفراز احمد الیون نے ٹورنامنٹ کا دوسرا میچ جنوبی افریقا کے خلاف کھیلا اور  ڈک ورتھ لیوس کے طریقہ کار کی بدولت ٹاپ رینکنگ جنوبی افریقہ کو 19 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان نے اپنے آخری گروپ میچ میں سری لنکا کو ایک دلچسپ مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دی۔

اس طرح پاکستان نے بھارت کے ہمراہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جہاں ان کا مقابلہ ٹورنامنٹ کی فیورٹ اور میزبان ٹیم انگلینڈ سے ہوا۔

اس ٹورنامنٹ میں نوجوان گیند باز حسن علی خوب فارم میں دکھائی دیئے۔

پاکستان نے پہلے سیمی فائنل میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 وکٹ سے زبردست فتح حاصل کر کے فائنل میں رسائی حاصل کی۔

دوسرے سیمی فائنل میں بھارت کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوا جو اس نے آرام سے 9 وکٹوں سے جیت لیا۔

فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے فخر زمان کے ایک سو چودہ رنز کی شاندار اننگز کی بدولت چار وکٹوں کے نقصان پر338 رنز بنائے۔

بڑے ہدف کے تعاقب میں بھارت کا آغاز اچھا ثابت نہ ہو سکا اور شرما، کوہلی اور دھون جیسے تین بھارتی بلے باز محمد عامر کا نشانہ بن گئے۔

جلد وکٹیں گرنے کے بعد بھارتی بیٹنگ لائن سنبھل نہ سکی اور پوری  ٹیم صرف 158 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔