دبئی :متحدہ عرب امارات نے عالمی وبا کے بعد اپنے قوانین میں حیران کن ردو بدل کر دیا ،اب کسی بھی ملک سے کوئی بھی سرمایہ کار سو فیصد شیئر کیساتھ اپنا کاروبا دبئی میں چلا سکتا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق یو اے ای کے نئے قانون کے مطابق آئندہ نئے غیر ملکی سرمایہ کار بغیر کسی قومیت کی تفریق کے سو فیصد شیئرز کے ساتھ اپنی کمپنی کھول سکتے ہیں،اب متحدہ عرب امارات میں کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں رہے گی ،پاکستانی بزنس کمیونٹی نے یو اے ای حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا اس سے نہ صرف متحدہ عرب امارات بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہتر کاروبار کرنے کا موقع میسر آ ئے گا ,کورونا کی وجہ سے فی الوقت پاکستان ،بنگلہ دیش ،بھارت سمیت متعدد ایشیائی ممالک پر 7 جولائی تک پابندی ہے لیکن اس پابندی کے بعد یقینی طور پر پاکستانی بزنس مین دبئی کا رُخ کرینگے ۔
واضح رہے اس سے قبل عالمی وبا کی وجہ سے متحد ہ عرب امارات نے متعدد ممالک کے شہریوں کے داخلے پر پابندی لگا دی تھی ۔
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے پاکستان، بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکا کے مسافروں پر 7 جولائی تک ملک میں داخلے پر پابندی عائد کررکھی ہے ،اس پابندی کے بعد خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق تازہ پیش رفت سے متعلق اتحاد ایئر نے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جو مسافر گزشتہ 14 دنوں کے دوران پاکستان، بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکا کا دورہ کرچکے ہیں وہ بھی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔
متحدہ عرب امارات نے 12 مئی کی رات 11 بجے بنگلہ دیش، پاکستان، نیپال اور سری لنکا کے مسافروں کے داخلے پر پابندی کا اعلان سب سے پہلے کیا تھا تاہم اس وقت یہ بھی واضح کر دیا گیا تھا کہ کارگو کی پروازیں اس پابندی سے متاثر نہیں ہوں گی اور معمول کے مطابق چلیں گی۔