برسلز: بیلجیم کے معروف وائرالوجسٹ نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی بھارتی قسم (ڈیلٹا) کے متاثرین میں اضافہ ہو سکتا ہے تاہم جب تک انفیکشن ریٹ کم رہے گا اور ویکسی نیشن مہم کامیاب رہتی ہے، تب تک اس کا اثر محدود رہ سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورونا کرائسز سینٹر میں ایک پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے کیا اور کہا کہ ڈیلٹا وائرس جسے، پہلے انڈین ویرئینٹ کے نام سے جانا جاتا تھا، اس کے باعث آنے والے دنوں میں بیلجیم پر ایک دباؤ بن سکتا ہے کیونکہ اس کا پھیلاؤ 3.9 فیصد سے بڑھ کر 6.1 فیصد تک جا پہنچا ہے جبکہ اس وائرس کے باعث ہسپتال میں داخل ہونے والے افراد کی تعداد میں گزشتہ ہفتے سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اس سے آئند آنے والے ہفتوں میں اس وائرس کے غالب آنے کا امکان ہے تاہم جب تک انفیکشن ریٹ کم رہے گا اور ویکسی نیشن مہم کامیاب رہتی ہے، تب تک اس کا اثر محدود رہ سکتا ہے، عام طور پر بلجیم میں کورونا کی صورتحال بہتر ہے کیونکہ برسلز کے علاوہ ملک بھر میں روزانہ سامنے آنے والے کورونا کیسز کے باعث ہونے والی اموات اور اس وائرس کے باعث ہسپتال داخل ہونے والوں کی تعداد میں کمی واقع ہو رہی ہے تاہم گزشتہ ہفتے سے اس میں اضافہ نظر آ رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ بیلجیم میں اب تک 51 فیصد افراد کورونا وائرس ویکسین کی پہلی خوراک لے چکے ہیں جبکہ ایک تہائی آبادی نے اپنا کورس مکمل کیا ہے تاہم میں ملک میں ویکسی نیشن کے عمل پر مطمئن نہیں ہوں کیونکہ اعداد و شمار کے مطابق ملکی باشندوں کی اکثریت ابھی حفاظت سے محروم ہے۔