خیبر پختونخوا حکومت نے نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس صرف ایک روپے مقرر کر دی

06:25 PM, 18 Jun, 2021

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس صرف ایک روپے مقرر کر دی گئی ہے۔ 

وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا نے صوبائی اسمبلی میں آئندہ مالی سال 2021-22 کا بجٹ پیش کیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا ہے کہ 600 سی سی سے 4000 سی سی تک گاڑیوں کی رجسٹریشن ایک روپے کر دی گئی ہے۔

اپنی بجٹ تقریر کے دوران انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں دس فیصد اضافہ جب کہ کم از کم اجرت 21 ہزار روپے مقرر کرنے کی تجویز ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے 371 ارب روپے جب کہ صحت کیلئے 142 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ بلدیاتی حکومتوں کیلئے37 ارب روپے سے زائد رقم مختص کئے گئے ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کےلیے 199ارب روپے،سالانہ ترقیاتی پروگرام کےلیے 371 ارب روپے جب کہ قبائلی اضلاع کیلئے اے ڈی پی میں 100 ارب روپےمختص کئے گئے ہیں۔ آئندہ سال 3 لاکھ نئے گھرانوں کو صحت کارڈ میں رجسٹر کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے صحت کارڈ سے ہر خاندان کو 10 لاکھ تک یونیورسل ہیلتھ انشورنس دی ہے جس سے 4 کروڑ مستفید ہوئے ہیں اور بہت سےترقیاتی یافتہ ممالک ابھی تک ایسا اقدام نہیں اٹھا سکے ہیں۔

مزیدخبریں