کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کا احاطہ میدان جنگ بن گیا۔ اپوزیشن ارکان نے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال پر جوتوں اور بوتلوں سے حملہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے اسمبلی پہنچنے پر ہنگامہ آرائی بڑھ گئی۔ اپوزیشن ارکان کی جانب سے وزیراعلیٰ کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کی گئی اور ان پر جوتوں اور بوتلوں سے حملہ کر دیا گیا تاہم پولیس حصار میں ان کو اسمبلی ہال میں پہنچایا گیا۔ جام کمال کے پہنچنے پر ہونے والی ہنگامہ آرائی میں کئی دروازوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور پولیس کی مزید نفری اسمبلی کے سامنے پہنچ چکی ہے۔
خیال رہے کہ اپوزیشن اراکین نے بجٹ پیش کرنے کیخلاف اسمبلی کے باہر احتجاج کیا اور گیٹ تالے لگا کر بند کر دیے۔ ایوان کے باہراپوزیشن ارکان اور پولیس میں تصادم بھی ہوا۔ پولیس کی بکتر بند گاڑی نے ٹکر مار کر اسمبلی کا گیٹ توڑ دیا اور پولیس نے اپوزیشن ارکان پر لاٹھی چارج کیا جبکہ آنسو گیس کے شیل بھی برسائے گئے۔