اسلام آباد :مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا حکومت کوئی بل واپس نہیں لے رہی ،الیکٹرونگ ووٹنگ پر حکومت سنجیدہ اور اپوزیشن خوف زدہ ہے کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ اب دھاندلی کے تمام راستے بند ہو جانے ہیں جس سے وہ ہمیشہ اقتدار کی کرسی پر پہنچا کرتے تھے ۔
تفصیلات کے مطابق مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے شہباز شریف سے متعلق بڑادعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی تقریر میں گھٹنے تک پکڑنے کا کہا تھا ،لیکن ہم آج بھی مسلم لیگ قیادت کو کہنا چاہتے ہیں کہ آپ سیدھا راستہ پکڑیں ،گھٹنے کیوں پکڑ رہے ہیں ؟اپوزیشن کا احتجاج اپنی جگہ لیکن وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق ہم مذاکرات کے لیےتیار ہیں،مذاکرات کے لیے حکومت کے دروازے بند نہیں،حکومت میں ایک نو گو ایریا ہے وہ این آر او ہے،این آر او پر حکومت کوئی بات نہیں کرے گی۔
بابر اعوان نے مزید کہا کہ آئندہ الیکشن میں دھاندلی کے تمام راستے بند کرنے کیلئے الیکٹرونگ ووٹنگ سسٹم لا رہے ہیں جس پر آج تمام اپوزیشن احتجاج کر رہی ہے ،یہ لوگ نہیں چاہتے کہ ملک میں صاف اور شفاف الیکشن ہوں ،الیکڑانگ ووٹنگ پر حکومت سنجیدہ اور اپوزیشن آج بھی خوف زدہ نظر آ رہی ہے ۔
انہوں نےکہا بلوں کی مخالفت کرنے والوں نے بل تک نہیں پڑھے اور احتجاج شروع کر دئیے ،پارلیمنٹ میں پارلیمانی کمیٹیوں کا بائیکاٹ کس نے کیا ،پارلیمنٹ میں ڈپٹی سپیکر کا بائیکاٹ کرنے والے کون تھے ؟21قومی اسمبلی سے بل پاس ہو ئے ،پاس ہونے والے بلوں کو متعلقہ کمیٹی کے پاس بھیج دیا گیا ہے ،تمام قانون سازی آئین اور قانون کے مطابق ہوئی ہے .
بابر اعوان کا کہنا تھا جب کوئی ڈیڈلا ک آتا ہے حکومت آگے بڑھ کر معاملہ حل کرتی ہے ،اوورسیز پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں ،اوورسیز پاکستانیوں کو بھی ووٹ کا حق ملنا چاہیے ،کہتے ہیں جو باہر رہتے ہیں ان کو ملکی مسائل کا کیا پتا،ملک سے باہر تو نواز شریف بیٹھے ہیں،آج بیرون ملک ایک کروڑ کے قریب پاکستانی رہتے ہیں،ایک کروڑ لوگوں کو ووٹنگ کا حق دیا جائے گا.