بزرگ مسلمان شہری کے حق میں ٹویٹس، سوارا بھاسکر کیخلاف شکایت درج

10:20 AM, 18 Jun, 2021

ممبئی: انڈین ریاست اترپردیش میں ایک معمر مسلمان شہری کے ساتھ بہیمانہ  تشدد کے خلاف ٹویٹس کرنے کی پاداش میں بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر کیخلاف شکایت درج کرا دی گئی ہیں۔

انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ شکایات ایک وکیل ایڈووکیٹ امیت اچاریا کی جانب سے درج کرائی گئی ہیں۔ انہوں نے اپنی شکایات میں صرف اداکارہ سوارا بھاسکر ہی نہیں بلکہ ٹویٹر انڈیا کے سربراہ منیش مہیشوری، ارفعہ خانم شیروانی اور کے آصف خان کا نام بھی لیا ہے۔

یہ شکایت دارالحکومت نئی دہلی کے تھانے میں درج کرائی گئی ہے، پولیس نے اس پر کارروائی کا آغاز تو کر دیا ہے لیکن ابھی تک ان میں سے کسی شخصیات کیخلاف کوئی کیس درج نہیں کیا گیا ہے۔

ایڈووکیٹ امیت اچاریا کی جانب سے ان شخصیات کیخلاف درج کرائی گئی شکایت میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ سوارا بھاسکر، ارفعہ خانم اور آصف اپنی ٹویٹس کے ذریعے نفرت پھیلانے کے مرتکب ہوئے ہیں۔

پولیس میں درج کرائی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ انڈیا میں ٹویٹر کے سربراہ منیش مہیشوری بھی اس پراپگینڈے میں شریک ہیں جو جانتے ہیں کہ بزرگ شہری کیساتھ جو واقعہ پیش آیا اس میں مذہب کا بالکل عنصر نہیں تھا لیکن انہوں نے ان ٹویٹس کو ہٹانے کی بالکل زحمت نہیں کی۔

خیال رہے کہ اداکارہ سوارا بھاسکر نے بزرگ شہری پر بہیمانہ تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے ملک میں دیوتاؤں کے نام پر کیا کیا جاتا ہے، جو کچھ ہوا میں اس پر بہے شرمندہ ہوں۔

سوارا بھاسکر نے اپنی ٹویٹ ہندوؤں کا ضمیر جھنجھوڑنے کی کوشش کرتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ اس واقعے پر چپ کیوں ہیں جو چاہتے ہیں کہ ہر مسلمان دہشتگردی کی ہمیشہ مذمت کرے، وہ اس ظلم پر اب کون سا جواز پیش کریں گے۔

مزیدخبریں