کراچی کی فتح، قلندر کو شکست 

کراچی کی فتح، قلندر کو شکست 
سورس: file

ابوظہبی (نیو نیوز) پاکستان سپر لیگ سکس  کے میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندر کو 7 رنز سے شکست دے دی۔

ابوظہبی میں  جاری پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ شرجیل خان اور بابر اعظم نے بیٹنگ کی ابتدا کی۔

دوسرے اوور میں شرجیل 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد مارٹن گپٹل آئے جنہوں نے  31 گیندوں پر 43 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی جن میں تین چھکے اور دو چوکے بھی شامل ہیں بعدازاں انہیں احمد دانیال نے بولڈ کردیا۔

  

کریز پر آنے والے نجیب 13 ویں اوور صفر پر آؤٹ ہوگئے جب کہ 15 ویں اوور میں والٹن 10 رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ کنگز کے کھلاڑیوں میں سب سے بڑا اسکور بابر اعظم نے بنایا، انہوں نے 44 گیندوں پر 54 رنز اسکور کیے جن میں سات چوکے شامل ہیں۔ 20 اوور کے اختتام پر کراچی کنگز نے 5 کھلاڑیوں کے نقصان کے ساتھ 176 رنز اسکور کیے۔

لاہور قلندرز کے راشد خان نے دو جب کہ شاہین شاہ آفریدی، احمد دانیال اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

  

قلندرز کی بیٹنگ کا آغاز سہیل اختر اور فخر زمان نے کیا۔ پانچویں اوور میں سہیل اختر 21 رنز بناکر الیاس کے ہاتھوں ایل بی ڈبیلو ہوگئے جبکہ آٹھویں اوور میں فخر زمان عماد وسیم کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ انہوں ںے 19 رنز بنائے۔ ان کے بعد آنے والے آغا سلمان ایک رنز بناسکے اور رن آؤٹ ہوگئے۔

بین ڈنک نے چھ رنز بنائے اور نور احمد کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔ اسی طرح 13 ویں اوور میں محمد حفیظ بھی نور احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 36 گیندوں پر 36 رنز بنائے۔

ٹم ڈیوڈ نے جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے 14 گیندوں پر 34 رنز بنائے جن میں 3 چھکے اور دو چوکے شامل ہیں۔ جمیز فالکنر نے 33 رنز بنائے جن میں تین چھکے بھی شامل ہیں جب کہ راشد خان نے 11 رنز اسکور کیے۔ قلندر کی ٹیم 20 اوورز میں 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 169 رنز بناسکی اور 177 رنز کا ہدف حاصل نہ کرسکی۔