بلوچستان اور خیبر پختونخوا کا سالانہ بجٹ آج پیش کیا جائے گا

08:30 AM, 18 Jun, 2021

پشاور، کوئٹہ: بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے سالانہ بجٹ آج پیش کیے جائیں گے۔ کے پی میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 اور بلوچستان میں 15 فیصد اضافے کی تجویز ہے۔ 

نیو نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا کے سالانہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد تک اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔ صوبائی بجٹ میں مزدوروں کی اجرت کم از کم 21 ہزار روپے کرنے کی بھی تجویز ہے۔

سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے 350 ارب روپے اور قبائلی اضلاع کے سالانہ ترقیاتی بجٹ کیلئے 120 ارب روپے سے زیادہ رکھنے کی تجویز شامل ہے۔

دوسری طرف بلوچستان کا بجٹ بھی آج پیش کیا جائے گا۔ نئے بجٹ کا مجموعی حجم 500 ارب روپے سے زائد ہے۔ غیر ترقیاتی مد میں 370 ارب اور ترقیاتی مد میں 140ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے۔

صوبائی بجٹ میں 5 ہزار کے قریب نئی آسامیاں رکھنے اور تنخواہوں میں 10سے 15 فیصد تک اضافے کی تجویز شامل ہے۔بلوچستان میں تعلیم کیلئے90، صحت کیلئے 40 اور امن و امان کیلئے 60 ارب روپے مختص کئے جانے کا امکان ہے۔

حزب اختلاف کو نظر انداز کرنے پر اپوزیشن جماعتوں کی کال پر کوئٹہ سمیت بلوچستان کی مختلف شاہراہوں پر احتجاج اور دھرنے کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی۔

مزیدخبریں