’جناب صدر! تھپڑ کھانے کے بعد آپ کی طبیعت کیسی ہے؟‘ سکول کی بچی نے فرانسیسی صدر کو شرمندہ کر دیا

’جناب صدر! تھپڑ کھانے کے بعد آپ کی طبیعت کیسی ہے؟‘ سکول کی بچی نے فرانسیسی صدر کو شرمندہ کر دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

پیرس: فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کو ایک شخص سے تھپڑ کھائے کافی روز گزر چکے ہیں مگر اس حوالے سے انہیں شرمندگی کا سامنا ابھی تک کرنا پڑ رہا ہے۔ فرانسیسی صدر کو ایک سکول کے دورے کے موقع پر اس وقت ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا جب ایک بچی نے سوال پوچھ لیا کہ تھپڑ کھانے کے بعد آپ کی طبیعت کیسی ہے۔ 
فرانسیسی میڈیا کے مطابق صدر ایمانوئیل میکرون وباءکے بعد معمولات زندگی کی بحالی پر سکولوں اور ریسٹورینٹس کا دورہ کر رہے ہیں ایسے ہی ایک دورے کے دوران 10 روز قبل ایک نوجوان نے مصافحہ کرنے کے بعد صدر کے منہ پر تھپڑ رسید کردیا تھا۔
فرانسیسی اخبار “لی فیگارو” کے مطابق گزشتہ روز بھی جب صدر میکرون بوائس ڈی پکارڈی قصبے کے ایک سکول کا دورہ کر رہے تھے تو براہ راست نشریات کے دوران طالب علم نے سوال پوچھا کہ ” جناب صدر آپ تھپڑ کھانے کے بعد کیسا محسوس کر رہے ہیں اور آپ کی طبیعت کیسی ہے۔
فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے مسکراتے ہوئے بچی کی جانب دیکھا اور جواب دیا کہ میں ٹھیک ہوں البتہ تھپڑ مارنا کوئی تفریحی عمل نہیں تھا اور یہ اچھی بات نہیں ہوتی ہے، کسی کو بھی اس طرح تھپڑ مارنا کبھی بھی اچھا نہیں ہوتا، یہاں تک کہ سکول کے صحن میں بھی یہ اچھا عمل نہیں ہے، جس نے مجھے تھپڑ مارا وہ ٹھیک نہیں تھا۔