آصف زرداری اورسردار اختر مینگل کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

10:26 AM, 18 Jun, 2020

کراچی:سابق صدر آصف علی زرداری اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کے درمیان بدھ کو ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔

سابق صدر آصف زرداری اور سردار اختر مینگل کے درمیان کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے میں حکومت کی مجرمانہ غفلت پر تبادلہ خیال کیا گیا،دونوں رہنماؤں نے ٹِڈی دَل کے حملوں کو روکنے میں حکومتی ناکامی اور بڑھتی غربت پر بھی بات چیت کی،سابق صدر آصف علی زرداری سے سردار اختر مینگل نے ان کی صحت بارے میں دریافت کیا۔

سردار اختر مینگل نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک کو صدرزرداری جیسے سیاست دان کی زیادہ ضرورت ہے کہ جب حکمرانوں کی غفلت کے سبب صورت حال دن بدن خراب ہورہی ہے۔

اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مشکل وقت میں معیشت کو سہارا دیا ہے،پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ملک، جمہوریت اور غریبوں کو مضبوط کیا ہے۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ اور امپورٹڈ کٹھ پتلیوں نے ملک کو مسائل کی آماجگاہ بنادیا،پاکستان پیپلزپارٹی ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے اپنا قائدانہ کردار ادا کرتی رہے گی۔

مزیدخبریں