اسلام آبا د: اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا گیا، مشیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ اجلاس کی صدارت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ، اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل مشیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہو گا۔ اجلاس میں12نکاتی ایجنڈے پرغورکیا جائے گا اور 11سمریوں کی ضمنی گرانٹس کی منظوری سے متعلق جائزہ لیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں پاور سیکٹر کی ایک سمری کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ، اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں آزاد کشمیرحکومت کے بجلی کے واجبات کی سمری بھی زیر غورآئے گی۔ اجلاس میں صنعتی شعبے کو بجلی پر سبسڈی دینے کے معاملے کا جائزہ لیاجائے گا۔
یادرہے کہ وزیراعظم عمران خان نے صنعتی شعبے کے لیے بجلی3روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی تھی۔