نیویارک: ایران کیخلاف جنگ کے خطرات منڈلانے لگے، امریکا نے مشرق وسطی میں مزید 1 ہزار فوجی بھیجنے کی منظوری دیدی۔
قائم مقام امریکی وزیر دفاع پیٹرک شناہن نے کہا ہے کہ مزید فوجیوں کی تعیناتی کا فیصلہ ایران کے جارحانہ رویے پر کیا، جنگ نہیں چاہتے، مقصد خطے میں موجود امریکی اہلکاروں کے مفاد اور تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
امریکا کے اعلان کے بعد چین کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے، چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطی میں پنڈورا باکس نہ کھولے۔ دونوں فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں اور خطے میں جارحیت بڑھانے والے اقدامات نہ کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ جوہری معاہدے کے موثر نفاذ کیلئے تمام فریقین کیساتھ کام کرنے پر تیار ہیں۔ کہا ایران جوہری معاہدے سے متعلق محتاط انداز میں فیصلے کرے۔ دوسری جانب صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران کسی بھی ملک کیخلاف جنگ نہیں کرے گا۔