اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے وفد نے گزشتہ روز عمران خان کی ہدایت پر ہارلے اسٹریٹ میں بیگم کلثوم نواز کی عیادت کی اور ان کی صحت یابی کیلئے دعا کی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی نوازشریف کے ساتھ کوئی ذاتی لڑائی نہیں ، کل پی ٹی آئی برطانیہ کے صدر عمران خان کی ہدایت پر ہارلے اسٹریٹ گئے اور بیگم کلثوم نواز کی عیادت کی اور ہم بھی ان کی صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کومقدمے میں سزا اس لیے نہیں ہورہی کہ وکلائتاخیری حربے استعمال کررہے ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جولائی میں ہونے والے انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے نگراں وزیراعظم سے استدعا کررکھی ہے تاہم چند عناصر کے ہوتے ہوئے یہ ممکن نہیں، 2013 کے انتخابات میں بھی سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے ایک معاہدے کے تحت (ن) لیگ کے ساتھ مل کر دھاندلی کرائی، نوازشریف نے افتخار چوہدری کو کہا تھا آپ کو صدر بنائیں گے لیکن بعد میں مکر گئے اور اب ایک بار پھر سابق چیف جسٹس انتخابات سے قبل رائے ونڈ کی خدمت کے لئے نکل پڑے ہیں، فتخار چوہدری عدلیہ کے نام پر دھبہ ہیں۔