این اے 131، ریٹرننگ آفیسر نے عمران خان کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا

06:34 PM, 18 Jun, 2018

لاہور: الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131 میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا ، ریٹرننگ آفیسر نے عمران خان کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص ملک میں تبدیلی کی بات کرتا ہے اسے قانون کا زیادہ احترام کرنا چاہیے۔

این اے 131 لاہور میں عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر دائر اعتراضات کی سماعت ہوئی۔ ریٹرننگ آفیسر نے استفسار کیا کہ عمران خان ذاتی حیثیت میں پیش کیوں نہیں ہوئے۔ وکیل بابر اعوان نے کہا کہ آرٹیکل دس کے تحت امیدوار کو وکیل کرنے کا حق ہے۔ریٹرننگ آفیسر نے حکم دیا کہ عمران خان آج یا کل ذاتی حیثیت میں پیش ہوں، جو شخص ملک میں تبدیلی کی بات کرتا ہے اسے قانون کا زیادہ احترام کرنا چاہیے۔ عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر ریٹرننگ آفیسر نے فیصلہ محفوظ کر لیا جو کل دوپہر بارہ بجے سنایا جائے گا۔

دوسری جانب اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے این اے 53 میں جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی پر اٹھائے جانے والے اعتراضات کا جواب بذریعہ وکیل جمع کرادیا۔جسٹس اینڈ ڈیموکریٹنگ پارٹی کے امیدوار کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات پر عمران خان کی جگہ بابر اعوان کے معاون وکیل نے تحریری جواب ریٹرننگ آفیسر کو جمع کرایا جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے خلاف اعتراضات بے بنیاد اور فریب کاری پر مبنی ہیں۔

تحریری جواب کے مطابق عمران خان پر لگائے گئے اعتراضات الزامات ہیں جو جھوٹ پر مبنی، من گھڑت اور غیر تصدیق شدہ ہیں۔تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ عمران خان پر لگائے گئے اعتراضات فوٹو اسٹیٹ کاغذات پر مشتمل اور غیر تصدیق شدہ ہیں جو جعل سازی کے زمرے میں آتے ہیں۔

واضح رہےکہ چیئرمین پی ٹی ا?ئی عمران خان نے لاہور کے حلقہ این اے 131 اور کراچی کے حلقہ این اے 243 سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جن کے خلاف بھی اعتراضات دائر کیے گئے ہیں۔

مزیدخبریں