ممبئی: بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان نے بالآخر رنبیر کپور کو ان کی نئی فلم جب ہیری میٹ سیجل کا نام تجویز کرنے پر 5000 روپے کا انعام ادا کر دیا۔ بالی ووڈ اسٹارز آپس میں لڑائی جھگڑوں کے ساتھ ہلکی پھلکی مستی اور مزاح بھی کرتے رہتے ہیں۔ اداکار شاہ رخ خان بھی بالی ووڈ میں دوستوں کے ساتھ مذاق کے لئے بہت مشہور ہیں۔
انہوں نے ٹویٹر پر اپنی اور رنبیر کپور کی تصویر شیئر کی جس میں وہ رنبیر کو 5000 روپے کی رقم دیتے نظر آ رہے ہیں۔ شاہ رخ خان سوشل میڈیا پر بہت زیادہ متحرک رہتے ہیں اور چند روز قبل انہوں نے اپنی نئی آنے والی فلم جب ہیری میٹ سیجل کے حوالے سے ٹویٹ کیا کہ اگر رنبیر نے اس فلم کا نام تجویز کرنے کا دعوی نہ کیا تو میں اسے 5 ہزار روپے نہیں دوں گا جس پر رنبیرنے کہا کہ شاہ رخ اور انوشکا کی فلم جب ہیری میٹ سیجل کا نام انہوں نے ہی تجویز کیا ہے۔
لہذا شاہ رخ خان انہیں نام تجویز کرنے کے 5000 روپے ادا کریں۔ شاہ رخ نے بھی رنبیر کا ادھار نہیں رکھا اور انہیں رقم ادا کرتے ہوئے ثبوت کے طور پر تصویر ٹویٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا حساب برابر، ساتھ ہی رنبیر کو کہا کہ ان میں سے کرن جوہر کو بھی ان کے حصے کے پیسے ادا کر دیں کیونکہ فلم کے نام کا پہلا حصہ انہوں نے بتایا تھا۔
بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان اور خوبرو اداکارہ انوشکا شرما کی نئی فلم ’’جب ہیری میٹ سیجل‘‘ کے پوسٹر جاری کردئیے گئے ہیں۔ فلم رواں سال 4 اگست کو ریلیز کی جائے گی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں