بھارتی صدارتی انتخابات، چائے فروش نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے

12:55 PM, 18 Jun, 2017

 مدھیہ پردیش: بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گوالیار کے علاقے لشکر کے رہائشی آنند سنگھ خوشوا جو کہ چائے کا اسٹال چلاتے ہیں نے بھارت کے صدارتی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں۔ وہ اس سے پہلے ماضی میں بھی کئی انتخابات میں حصہ لے چکا ہے۔ آنند سنگھ نے پہلے نائب صدر کے لیے بھی انتخابات میں حصہ لیا تھا۔

اس کا دعویٰ ہے کہ اسے گزشتہ انتخابات میں کافی حمایت حاصل ہوئی تھی اور اب کئی ارکان پارلیمنٹ اور اتر پردیش کے ممبران اسمبلی اس کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

رپورٹ کے مطابق آنند نے نئی دہلی کا سفر کیا اور پارلیمان میں چیف الیکشن آفیسر کے سامنے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ آنند کے حلف نامے میں بتایا گیا ہے کہ اس کے پاس پانچ ہزار نقد، ایک سائیکل، ایک گھر، چائے کا اسٹال اور اس کی بیوی کی ملکیت ایک منگل سوتر ہے۔

اس نے بینک سے بارہ ہزار قرض لیا اور دوسروں کو ساٹھ ہزار قرض دینا ہے۔ یاد رہے بھارت کے موجودہ صدر کی مدت 24 جولائی کو ختم ہو رہی ہے اور اب صدر کے انتخابات کیلئے پندرہویں انتخابات ہوں گے۔

امیدوار 28 جون تک کاغذات نامزدگی داخل کرا سکتے ہیں۔ نامزدگی کاغذات کی جانچ 29 جون کو ہوگی۔ امیدوار یکم جولائی تک اپنا نام واپس لے سکتے ہیں۔ پولنگ 17 جولائی کو صبح 10 سے شام پانچ بجے کے درمیان ہوگی اور 20 جولائی کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں