کراچی :گرمی کی شدت بڑھتے ہی مختلف انفیکشنز کا خطرہ بڑھ گیا ہے، ماہرین صحت نے خبردارکردیا ہے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں موسم انتہائی گرم ہے اس وجہ سے شہری ہیٹ سٹروک سمیت مختلف بیماریوں کاشکار ہورہے ہیں۔
ماہرین صحت نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ملک کے کئی شہر اس وقت سخت گرمی کی لپیٹ میں ہیں، ایسے میں ہیٹ ویو کے پیشِ نظر ماہرین صحت کی جانب سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق شہری باہر کے کھانے اور مشروبات سے پرہیز کریں اور پانی ابال کرپئیں اور شدید گرمی کے دنوں میں ہلکے رنگ کے ڈھیلے کپڑے پہنیں اور باہر نکلتے وقت سر ڈھانپ لیں۔
ماہرین صحت کا مزید کہنا ہےکہ لوگ تیز دھوپ کے اوقات میں گھروں سے باہر نہ نکلیں اور صبح 11 سے دوپہر 3 بجے تک خود کو براہ راست دھوپ کی تپش سے محفوظ رکھیں۔