اسلام آباد : ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے کارروائی کرتے ہوئے یو اے ای سے 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے یو اے ای سے 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان پنجاب پولیس کو مطلوب تھے۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں عرفان اصغر، فرحان نزاکت، ثمر عباس، نجیب اللہ، صدام حسین شامل ہیں جبکہ دیگر گرفتار ملزمان میں محمد رفیق، محمدثاقب، محمد عثمان اور طارق محمود شامل ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمے درج تھے، ملزم طارق محمود گزشتہ 14 سال سے پنجاب پولیس کو مطلوب تھا، ملزم محمد رفیق کے خلاف سال 2011 میں مقدمہ درج ہوا تھا، ملزم نجیب اللہ 2014، ملزم صدام حسین سال 2018 میں قتل کر کے بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔
ترجمان کے مطابق دیگر گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات سال 2020 سے 2023 کے دوران درج کئے گئے، سیالکوٹ پولیس کو 3، ڈی جی خان پولیس کو 2 ملزمان مطلوب تھے جبکہ فیصل آباد، گوجرانوالہ، پاکپتن اور بھکر پولیس کو 1،1 ملزم مطلوب تھا۔
ترجمان ایف آئی اے نے مزید بتایا کہ ملزمان کو یواے ای سے پاکستان منتقل کرنے کے لئے ٹیم روانہ ہوگئی ہے۔