مختلف شہروں میں رم جھم سے موسم خوشگوار، جولائی کے آخری ہفتے میں تیز بارشوں کے سپیل کی پیش گوئی

10:04 AM, 18 Jul, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: ملک کے مختلف شہروں میں مون سون کی بارشیں جاری ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے جولائی کے آخری ہفتے میں تیز بارشوں کا سپیل ہوگا۔ 

لاہور ، اسلام آباد، میانوالی، کالاباغ، گوجر خان سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارش ہوئی ۔گرمی کے ستائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔ 

بلوچستان کے علاقے دانہ سرکے علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ   بلوچستان اور خیبر پشتونخوا کے درمیان ٹریفک معطل ہوگئی۔ کوہستان سمیت تمام پہاڑی علاقوں میں بھی بادل کھل کر برسے۔ کچی دیواریں اور درخت گرگئے۔

اسلام آباد، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں آج رات تک بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔ مشرقی بلوچستان کے چند مقامات پر بھی بارش کی توقع ہے۔

آزاد کشمیر کے علاقے سماہنی اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے، کوہ سلیمان، شیرانی اور دانہ سر میں کئی گھنٹے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج شام یا رات کے دوران کراچی، ٹھٹہ، سجاول، حیدرآباد، دادو، بدین، تھرپارکر، عمرکوٹ، مٹھی، میرپور خاص، سانگھڑ اور نواب شاہ میں چند مقامات پر بھی بارش کا امکان ہے۔

موسلادھار بارش سے خیبرپختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور کوہ سلیمان کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ نوکنڈی، دالبندین، سبی میں 46، نوابشاہ میں 44 جبکہ بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اور بنوں میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی، ملتان، مظفر آباد میں41، پشاور 40، اسلام آباد، لاہور اور کوئٹہ 39، اور گلگت میں 35 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

مزیدخبریں