گال ٹیسٹ میں پاکستان کی فتح کی طرف پیش قدمی، سعود شکیل اور سلمان آغا کی شاندار بیٹنگ

12:40 PM, 18 Jul, 2023

نیوویب ڈیسک

گال: گال ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے کھانے کے وقفے تک پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنالیے ہیں اور میزبان ٹیم پر ایک رن کی برتری حاصل ہوگئی۔

گزشتہ روز قومی ٹیم کے صف اول کے بلے بازوں کی مکمل ناکامی کے بعد نوجوان سعود شکیل اور آغا سلمان نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کی تھیں اور قومی ٹیم نے سری لنکا کے پہلی اننگز کے 312 رنز کے جواب میں 221 رنز بنا لیے تھے اور اسے سری لنکا کے مقابلے میں 91 رنز کے خسارے کا سامنا تھا۔

کھیل کے تیسرے روز سعود شکیل 69 اور آغا سلمان نے 61 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا تاہم اپنے انفرادی اسکور میں 22 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 83 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ دوسرے اینڈ سے سعود شکیل نے اسکور میں اضافے کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی دوسری شاندار سنچری مکمل کی۔

آغا سلمان اور سعود شکیل نے پاکستان کی جانب سے سری لنکا کے خلاف چھٹی وکٹ پر 177 رنز کی سب سے بڑی شراکت قائم کی۔

میچ کے دوران بارش کی مداخلت کا سلسلہ بھی جاری رہا جب کہ سعود شکیل 119 رنز پر پچ پر موجود ہیں اور نعمان علی ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔

گال میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

مزیدخبریں