لاہور: وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر حکومت کی اتحادی جماعتوں اور پی ڈی ایم کے قائدین کا اہم اجلاس کل دوپہر کو ہو گا ۔
وزیراعظم نے حکومت کی اتحادی جماعتوں اور پی ڈی ایم کے قائدین کو لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر دعوت دی ہے ۔ 96 ایچ ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ اجلاس میں حکومت کی اتحادی جماعتوں اور پی ڈی ایم کے قائدین مجموعی ملکی صورتحال کا جائزہ لیں گے ۔ حکومت کی اتحادی جماعتوں اور پی ڈی ایم کے قائدین کے اجلاس میں اہم امور پر مشاورت ہوگی ۔
واضح رہے کہ ضمنی انتخابات میں شکست پر پارٹی رہنماؤں نے وزیر اعظم شہباز شریف کو اپنی رپورٹ پیش کردی ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کے اہم اجلاس میں رانا ثنا اللہ ، خواجہ سعد رفیق اور ایاز صادق نے ضمنی انتخابات میں شکست پر رپورٹ پیش کی ۔ مسلم لیگ ن نے جن امیدواروں کو ٹکٹ دیا وہی شکست کا باعث بنے ، موزوں امیدوار نہ ہونے کے باعث ن لیگی ووٹرز نے ووٹ نہیں ڈالا ۔ ن لیگ کے رہنما اپنے ووٹرز کو پولنگ کے دن گھروں سے بھی نہیں نکال سکے ۔ پارٹی امیدواروں کے ضمنی الیکشن نہ جیتنے کی ایک وجہ مہنگائی بھی تھی ۔
حلقوں میں لیگی کارکنوں نے مخالف پارٹی سے منحرف ہو کر آنے والوں کو دل سے قبول نہیں کیا ۔ اس کے علاوہ پارٹی عہدیداروں ، پرانے ٹکٹ ہولڈرز اور سابقہ بلدیاتی نمائندوں نے انتخابی مہم میں جان نہیں لڑائی ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے 20 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 15 نشستوں پر کامیابی کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) صرف 4 نشستوں پر کامیاب ہو سکی اور ایک حلقے میں آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی ۔