لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد سنائے ۔
اپنی ٹویٹ میں مریم نواز نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان پر عمران خان کا اٹیک وہ دھاندلی نہیں ، جو ہوئی ہی نہیں بلکہ فارن فنڈنگ فیصلے کا خوف ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو معلوم ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں ناقابلِ تردید شواہد سامنے آ چکے ہیں جن کا منظرِ عام ہر لایا جانا ناگزیر ہے ۔
ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ تحریک انصاف کو اپنی ہی 20 سیٹوں میں سے 5 ہار جانے پر زیادہ زعم میں آنے کی ضرورت نہیں ہے ۔
اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں الیکشن کمیشن پر دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے 20 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 15 نشستوں پر کامیابی کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) صرف 4 نشستوں پر کامیاب ہو سکی اور ایک حلقے میں آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی ۔