اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا پارٹی اجلاس کے بعد قوم سے خطاب کا فیصلہ ، خطاب میڈیا و سماجی میڈیا پر براہِ راست نشر کیا جائے گا ۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت کور کمیٹی کا اہم ترین اجلاس جاری ہے ، جس میں پنجاب کے ضمنی انتخاب میں تاریخی کامیابی اور بعد کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے ۔
اس سے قبل سابق وزیراعظم عمران خان اور سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا جس میں سپیکر پنجاب اسمبلی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ضمنی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی جبکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان گزشتہ روز ہونے والے انتخابات کے بعد کی صورتحال پر مشاورت بھی کی گئی ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے 20 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 15 نشستوں پر کامیابی کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) صرف 4 نشستوں پر کامیاب ہو سکی اور ایک حلقے میں آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی ۔