رحیم یار خان: دریائے سندھ میں کشتی الٹنے کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 7 خواتین جاں بحق اور 8 افراد لاپتہ ہو گئے ہیں جن کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق صادق آباد ماچھکہ کے قریب دریائے سندھ میں باراتیوں سے بھری کشتی الٹ گئی جس میں 50 سے زائد مسافر سوار تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مسافر بارات لے کر کھروڑ سے ماچھکہ آرہے تھے کہ کشتی الٹ گئی جس پر مقامی افراد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 35 افراد کو بچایا ہے۔
ذرائع کے مطابق واقعے میں اب تک 7 خواتین جاں بحق ہو چکی ہیں جبکہ 8 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
خیال رہے کہ بارشوں کی وجہ سے دریا میں پانی کا بہاؤ تیز ہونے کے باعث لاشوں کی تلاش اور امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔