لاہور: پنجاب کے 20 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی فتح نے حکومتی اتحاد کو پریشان کر دیا اور تینوں بڑوں نے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے سر جوڑ لئے ہیں جبکہ نواز شریف نے شکوہ کیا ہے کہ وہ شروع سے ہی حکومت لینے کے حق میں نہیں تھے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب ضمنی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی شکست کے بعد نواز شریف، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس دوران پنجاب کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی شکست کا جائزہ لیا گیا جبکہ تینوں بڑوں کی ٹیلیفونک گفتگو میں شکست کی وجہ مشکل فیصلوں کو قرار دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں کے درمیان پنجاب اور مرکز میں آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کرنے کیساتھ ساتھ ملکی سیاسی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی جبکہ تینوں رہنماؤں نے جلد عام انتخابات کروانے سے متعلق تجاویز پر بھی غور کیا، حکومتی اتحاد کے تینوں بڑوں نے اتحادیوں کی مشاورت سے تفصیلی لائحہ عمل اختیار کرنے پر اتفاق کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران تینوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بڑھتی مہنگائی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بدلہ عوام نے ضمنی انتخاب میں لیا ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے شکوہ کیا کہ میں تو شروع دن سے ہی حکومت لینے کے حق میں نہ تھا۔
شروع دن سے حکومت لینے کے حق میں نہیں تھا، نواز شریف کا فضل الرحمن اور زرداری سے شکوہ
03:15 PM, 18 Jul, 2022