واشنگٹن: امریکی ریاست انڈیانا کے شاپنگ مال میں ایک شخص نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ حملہ آور بھی اس واقعے میں مارا گیا۔
گرین ووڈ پولیس ڈیپارٹمنٹ چیف جم آئزن کا کہنا ہے کہ ملزم گرین ووڈ پارک مال میں رائفل لے کر داخل ہوا اور اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوئے جبکہ قریب موجود شہری نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو گولی مار دی۔
جم آئزن کے مطابق بارتھولومیو کاﺅنٹی کا رہائشی ایک 22 سالہ نوجوان، جو قانونی اسلحہ سے لیس تھا، بھی شاپنگ مال میں موجود تھا اور اس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
پولیس چیف نے مزید بتایا کہ فائرنگ کا نشانہ بننے والے افراد میں 4 خواتین اور ایک مرد ہے اور خواتین میں ایک 12 سال کی بچی بھی شامل ہے جس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ میں حالیہ دنوں کے دوران فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ یہاں ہر سال ہزاروں افراد فائرنگ سے ہلاک ہوتے ہیں۔