ضمنی انتخابات سے واضح ہو گیا کہ اتحادی حکومت عوامی تائید کھو چکی ہے: سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر

12:55 PM, 18 Jul, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات سے واضح ہو گیا کہ اتحادی حکومت عوام کی تائید کھو چکی ہے، ہمارا پہلے دن سے ہی موقف تھا کہ حکومت کرنے کی بجائے فوراً الیکشن کروا دینے چاہئیں۔ 
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 15 نشستوں پر فتح کے بعد اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) سے ڈیل ایک فریش مینڈیٹ کے ساتھ آنے والی حکومت کو ہی کرنی چاہئے۔ 
انہوں نے کہا کہ ایسا ہو ہی نہیں سکتا کہ مہنگائی آسمانوں سے باتیں کر رہی ہو اور عوام ہمارے گلوں میں پھولوں کے ہار ڈالیں، معیشت سے متعلق مشکل فیصلے اسی حکومت کو کرنے چاہئیں جس کے پاس پانچ سال کا مینڈیٹ ہو۔
مصطفی نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں ابھی تک ذہنی طور پر 90 کی دہائی میں پھنسی ہوئی ہیں، آبادی میں نوجوانوں کا تناسب، کرپشن کا تدارک، اینٹی اسٹیبلشمنٹ بیانیہ دور حاضر کی سیاست کے لازمی جزو ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ گزشتہ روز ضمنی انتخابات کے نتائج کے بعد سیاسی استحکام میں مزید کمی آئے گی اور حکومت کرنا مزید مشکل ہوتا چلا جائے گا، ملک اور معیشت کو جس استحکام کی ضرورت ہے وہ صرف عام انتخابات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

مزیدخبریں