قانون، اداروں کو خاطر میں نہ لانے کا عملی مظاہرہ وزیراعظم نے گزشتہ روز دکھایا: مریم اورنگزیب

03:49 PM, 18 Jul, 2021

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف انتخابی ضابطوں کی خلاف ورزیوں پر کارروائی کا مطالبہ ، کہا قانون اور اداروں کو خاطر میں نہ لانے کا عملی مظاہرہ وزیر اعظم نے گزشتہ روز دکھایا ۔

اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ خان صاحب خود کو ہر قانون اور ضابطے سے بالاتر سمجھتے ہیں ۔ آئین کے تحت خود مختار اداروں ، الیکشن کمیشن اور ریاستی اداروں کو خان صاحب خاطر میں نہیں لاتے ۔ قانون اور اداروں کو خاطر میں نہ لانے کا عملی مظاہرہ وزیر اعظم نے گزشتہ روز دکھایا ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن عمران خان کو نوٹس جاری کرے ۔

ترجمان ن لیگ نے کہا کہ جس کو الیکشن کمیشن نے آزاد جموں و کشمیر سے نکل جانے کا حکم دیا ، اُس کو خان صاحب ہیلی کاپٹر میں اپنے ساتھ لے آئے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قانونی حکم کی خلاف ورزی کر کے الیکشن کمیشن کو چیلنج کیا ہے ۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ رویہ عمران خان کی مجرمانہ اور فسطائی ذہنیت کا ثبوت ہے ۔ عمران خان نے پہلے گالی گلوچ بریگیڈ کو آزاد جموں و کشمیر بھیجا ، نوٹ نہ چلے تو گولی چلائی ، اب کھلم کھلا الیکشن کمیشن کے حکم کی خلاف ورزی کر رہے ہیں ۔ ڈسکہ والی ووٹ چوری کے ہتھکنڈوں کا جواب آزاد جموں و کشمیرکے عوام ڈسکہ کے عوام کے انداز میں دیں گے ۔

مزیدخبریں