کراچی: پی ٹی آئی رہنما اور اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے الزام عائد کیا ہے کہ صوبہ سندھ سے چوری کیا گیا پیسہ آزاد کشمیر انتخابات میں استعمال کیا جا رہا ہے
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تین نالوں کی صفائی کیلئے وفاق نے 35 ارب روپے این ڈی ایم اے کو دیئے ہیں۔ سیاسی ایڈمنسٹریٹرز تعینات نہیں ہونے چاہیں۔ مرتضیٰ وہاب مسترد شدہ ہیں، ان کی تعیناتی نہیں ہونے دیں گے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ 13 سال سے وزیراعلیٰ سندھ کے جہاز کو غیر قانونی طور پر استعمال کیا گیا جبکہ پیپلز پارٹی نے سندھ میں سرکاری نوکریوں کی لوٹ سیل لگا رکھی ہے۔ پیپلز پارٹی نے سندھ کے نوجوانوں کی نوکریاں بروکرز کو دے دیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ سندھ میں نوکریوں کی بندر بانٹ کے خلاف عدالت جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں صحت کا نظام نہ ہونے کے برابر ہے۔ لوگوں کی زندگیوں سے نہ کھیلا جائے۔ ویکسی نیشن سینٹر پر وزیراعلیٰ تصاویر بنواتے رہے لیکن سندھ میں ویکسین نہ لگوانے والوں کو تنخواہیں نہیں دی جا رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت خسارے کا بجٹ پیش کرنے کے بعد نئی گاڑیاں خریدنے کی منظوری دے رہی ہے۔ سندھ میں پیپلز پارٹی کی کرپشن بے نقاب کرنے والوں کے خلاف مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کبھی ایسا نہیں ہوا کہ گھروں پر حملہ کیا جائے۔ انہوں نے کھانے کی دعوت روکنے کیلئے پولیس بھجوا دی۔